
Download (2MB)
فن اسماء الرجال اور ہندوستانی علماء کی خدمات
مؤلف: حضرت مولانا خورشید احمد اعظمی قاسمی ندوی مدنی صاحب
صفحات: ۱۱۹
اشاعت: ۲۰۲۵
ناشر: المکتب العلمی مئو
پیش لفظ از مؤلف
اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا نے اکتوبر ۲۰۱۹ ء میں مادر علمی دارالعلوم مئو ( اتر پردیش ) کے تعاون و اشتراک سے مرکزی عنوان ”ہندوستان میں علم حدیث اور ممتاز ہندوستانی محدثین “ پر دو روزہ سیمینار کا انعقاد کیا تھا، جس کے متعدد ذیلی عناوین میں ایک عنوان ” فن رجال اور ہندوستانی علماء کی خدمات“ پر لکھنے کی سعادت بے بضاعت راقم السطور کو بخشی گئی، ذیلی عناویں میں ایک عنوان ” فن جرح و تعدیل اور ہندوستانی علماء کی خدمات “ بھی تھا اس لئے راقم السطور نے اپنے مقالہ کو ، فن اسماء الرجال والرواۃ میں ہی محدود رکھا، اور فن جرح و تعدیل میں ہندوستانی علماء کی خدمات کے متعلق کچھ لکھنے سے تعرض نہیں کیا۔
سیمینار کے لئے جو مقالہ تیار کیا گیا تھا، وہ مختصر اور چند شخصیات کی خدمات کے تذکرہ تک ہی محدود تھا، ماہ رمضان المبارک ۱۴۴۱ ھ میں اللہ عز وجل کی توفیق سے یہ خیال پیدا ہوا کہ اس مقالہ کو وسعت دی جائے، چنانچہ حتی الوسع میسر مراجع میں تلاش و جستجو کے بعد اس موضوع سے متعلق جن علماء و محدثین کے بارے میں معلومات فراہم ہو سکیں، اسے اس مقالہ میں شامل کر دیا گیا ہے ، احاطہ و استقصاء کا نہ دعوی ہے اور نہ عاجز بندہ کے بس کی بات ہے، العصمۃ و الکمال للہ المتعال، جن اصحاب تراجم کے احوال اور جس قدر معلوم ہو سکے حسب ضرورت اختصار کے ساتھ ذکر کئے گئے ہیں، اور جو کتابیں دستیاب ہوئیں یا ان کے بارے میں کچھ تفصیلات فراہم ہوئیں، ان کی روشنی میں اس کتاب کا مختصر تعارف، منبج تالیف اور تراجم کے نمونے بھی ذکر کئے گئے ہیں ، اور جن کتابوں کے بارے میں معلومات فراہم نہ ہو سکیں ان کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کر دیا گیا ہے، ظاہر ہے کہ اس میں اضافہ و تذئیل کا باب کھلا ہے، کسی بھی نوعیت کا علمی تعاون شکر و قدر دانی کا مستحق ہوگا، واللہ ھو الموفق۔ مؤلف










