Download (1MB)
صحاح ستہ اور ان کے مصنفین – امتیازات اور خصوصیات
مصنف : مولانا بلال عبد الحی حسنی ندوی
صفحات: ۱۶۵
اشاعت: ذی القعده ۱۴۳۶ھ مطابق اگست ۲۰۱۵ء
ناشر: سید احمد شہید اکیڈمی رائے بریلی
صحاح ستہ کی تعلیم میں ایک اہم پہلو مختلف مصنفین حدیث کا منبع انتخاب و اختیار، زمانہ اور سبب تالیف ہے۔
فارغین مدارس ان تمام پہلوؤں سے واقف نہیں ہوتے ، حتی کہ تدوین حدیث جو اہم ترین موضوع ہے اور اس پر مستشرقین نے بڑے شبہات پیدا کیے ہیں، اس سے بھی واقف نہیں ہوتے ، قرآن کریم کے بعد حدیث کی اہمیت و ضرورت جو اس عصر کا اہم مسئلہ بن گیا ہے۔
ان موضوعات پر علماء نے تفصیلی کتا بیں لکھی ہیں، تدوین حدیث اور محدثین کی خدمات کے تعارف پر متعدد اہل قلم کی عربی اور اردو میں کتابیں ہیں ، اس طرح تدوین حدیث پر تفصیلی تصانیف بھی مہیا ہیں لیکن طلبہ کے لیے ان سے واقفیت اور استفادہ مشکل ہوتا ہے۔
مولوی بلال عبد الحی حسنی ندوی نے جو مدرسہ ضیاء العلوم (میدان پور، رائے بریلی) میں عرصہ سے درس حدیث شریف کی ذمہ داری انجام دے رہے ہیں اور تاریخ اسلام اور علمی اور فکری تاریخ سے بھی گہری واقفیت رکھتے ہیں، ضرورت محسوس کی کہ ایک مختصر کتاب تیار کی جائے جو ان سارے پہلوؤں پر مشتمل ہو، انہوں نے تدوین حدیث کے بنیادی موضوع ہونے کے ساتھ صحاح ستہ کے مصنفین کا تعارف ، ان کی کتابوں کا منہج اور امتیاز اور دوسری کتابوں سے ان کا تقابل کرانے کے لیے یہ رسالہ تیار کیا، جو طلبہ حدیث کے لیے گائڈ کی حیثیت رکھتا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ فارغین مدارس سے گفتگو کرتے وقت اس کمزوری کا اس حقیر کو کئی بار اندازہ ہوا کہ بعض طلبہ موطا، بخاری اور مسلم جیسی بنیادی کتابوں کے فروق سے واقفیت نہیں رکھتے ، انکار حدیث کے اس دور میں اس کی شدید ضرورت ہے کہ حدیث کی اہمیت اور اس کے شریعت اسلامیہ کے مصدر ثانی ہونے پر توجہ کی جائے۔
امید ہے کہ یہ رسالہ حدیث شریف کی ایک اہم خدمت ثابت ہوگا۔ مولانا محمد واضح رشید حسنی ندوی