Download (9MB)
صدائے طالبات
طالبات کے لئے تقاریر و مکالمات اور اناؤنسری کی منفرد کتاب
مرتب: مولانا و مفتی رضوان نسیم قاسمی استاد فقہ و افتاء معهد الدراسات العلیا، پھلواری شریف پٹنہ
صفحات: 80
اشاعت: تیسری ایڈیشن
ناشر: مكتبہ دار ارقم نیپال
قیمت:80روپے،ہول سیل:40روپے
انڈین نمبر : 8986305186
نیپالی نمبر : 9809191037
مقدمہ
عورت جس مرحلہ میں بھی ہو وہ مرد کی توجہ کا مِحور اور مرکز ہوتی ہے،عورت جب بیٹی کے روپ میں ہوتی ہے تو وہ اپنے والدین کی آنکھوں کا تارا اور دل کا قرار ہوا کرتی ہے،عورت جب بہن کے روپ میں ہوتی ہے تو وہ اپنے بھائی کے لیے باعثِ افتخار اور اس کی عزت ہوا کرتی ہے،عورت جب بیوی کے روپ میں ہوتی ہے تووہ اپنے شوہر کی زندگی کا سب سے قیمتی تحفہ ہوا کرتی ہے،عورت جب ماں کے روپ میں ہوتی ہے تو وہ اولاد کے لیے شجر سایہ دار،پیکرِ محبت اور شفقت کا مجسمہ ہوا کرتی ہے،کسی شاعر نے کیا ہی خوب کہاہے:۔
حیاء کا آئینہ ہے اور وفا کی جان ہے عورت
ہمارے گھر کی رونق زندگی کی شان ہے عورت
بنادیتی ہے گھر کو رشک جنت یہ سلیقے سے
مکمل زندگی کی شان ہے عرفان ہے عورت
مگرایک بیٹی رحمت اسی وقت بن سکتی ہے جب کہ اس کا قلب اسلامی تعلیمات کی روشنی سے منور ہو،وہ فاطمی کردار وگفتار کا پیکر ہو،ایک عورت مرد کے لیے شریک حیات کی شکل میں روحِ حیات اور تسکینِ خاطر کا سبب اسی وقت ہوسکتی ہے جب کہ اس کا دل سیرت خدیجہؓ سے سرشار ہو،وہ ہر درد کا درماں اور مصائب کی گرم ہواؤں میں نسیم صبح کی صورت میں ایک مشفق ماں اسی وقت ثابت ہوسکتی ہے جب کہ اسکی گود بچے کے لیے پہلا اسلامی مکتب ثابت ہو،وہ اپنے بھائیوں کی محبتوں کا مرکز وملجا اسی وقت ہوسکتی ہے جب کہ اس کے جذبات و احساسات ویسے ہوجائیں جیسے حضرت عائشہ کے جذبات اپنے بھائی حضرت عبدالرحمن کے تئیں تھے۔
اور یہ ساری صفات ایک عورت میں اسی وقت پائی جاسکتی ہیں جب وہ زیور تعلیم وتربیت سے آراستہ وپیراستہ ہوں۔
الحمدللہ!اس کے لیے دنیا کے تمام ممالک اور تقریباً ہر اضلاع میں تدریس البنات کے ادارے قائم ہیں،جہاں دخترانِ قوم و ملت کو قرآن وحدیث کی تعلیمات سے روشناس کرایا جاتا ہے اور اسلامی فکر اور اسلامی منہج کے مطابق انھیں دینی و دنیوی دونوں تعلیم سے واقف کرایا جاتا ہے۔
راقم الحروف ایک مدت سے طالبات کے لیے ایک ایسی کتاب کی شدت سے ضرورت محسوس کررہا تھا جس میں اہم عناوین پر مشتمل تقاریر و مکالمات ہوں اور اس میں نظامت کے اسالیب بھی بیان کیے گئے ہوں،تاکہ اس کتاب کی روشنی میں طالبات انجمن اور دیگر پروگراموں میں اپنے خیالات اورمافی الضمیر کا کھل کر اظہار کرسکیں۔
اسی احساس کے پیش نظر اللہ تعالی کے نام اور اس کی توفیق سے بندہ نے زیر نظر کتاب ترتیب دی ہے جوآٹھ تقاریر،چھ مکالمات اور اناؤنسری کے مختلف اسالیب پر مشتمل ہے۔
مجھے یقین ہے کہ یہ کتاب طالبات کے لیے اپنی نوعیت کی منفرد اور مفید کتاب ثابت ہوگی۔
خوشی کے اس موقع پر رب العالمین کاشکر ادا کرنے کے بعد اپنے تمام اساتذۂ کرام کا نہایت شکرگزار ہوں جن کی دعاؤں کے طفیل راقم الحروف کو خدمتِ دین کا موقع میسر ہوا ہے،نیز ان تمام طالبات کا بھی احسان مند ہوں جنھوں نے اس کتاب کی طباعت کی طرف بندہ کی توجہ مبذول کرائی۔
اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ اس تالیف کو میرے اہل و عیال کی نجات کا ذریعہ اور خواتین اسلام بالخصوص مدارس اسلامیہ کی طالبات کے لیے مفیدبنائے۔آمین
دعاؤں کا طالب: مفتی رضوان نسیم قاسمی
فیس بکی دوست باخبر رہنے کے لئے ہمارا فیس بک پیج فالوو کرسکتے ہیں۔ شکریہ۔