Download (4MB)
ہدیۃ العثمانی فی حل جمال القرآن بالسوال و الجواب
افادات: مولانا قاری محمد رمضان صاحب
مرتب: قاری عثمان محمود صاحب
صفحات: ۲۱۸
اشاعت: ۱۴۴۳ / 2022
ناشر: قراءۃ اکیڈمی لاہور
حکیم الامت حضرت مولانا الحافظ القاری شاہ محمد اشرف علی تھانوی رح کی مولفہ کتاب ” جمال القرآن” کو بر صغیر پاک وہند میں جو مقبولیت عامہ حاصل ہے وہ کسی سے مخفی نہیں، یہی وجہ ہے کہ مدارس تجوید و قراءات میں یہ کتاب داخل نصاب ہے اور شیوخ فن نے اس کی تشریح اور توضیح کیلئے مختلف حواشی اور شروح تحریر فرمائی ہیں، جن میں سے حاشیہ ايضاح البيان مؤلفة شيخ التجويد والقراءات قاری محمد شریف صاحب ، حواشی جديدة مؤلفه شیخ التجويد والقراءات قاری اظہار احمد تھانوی صاحب ، کمال الفرقان شرح جمال القرآن مؤلفہ استاذ القراء قاری محمد طاہر رحیمی صاحب اور انوار الفرقان شرح جمال القرآن (جس کو میرے استاد محترم مولانا قاری محمد رمضان صاحب مدظلہ العالی نے حق تعالی کی عنایت سے اور اپنے شیخ، شیخ التجوید والقراءات حضرت مولانا قاری و مقری سید حسن شاہ صاحب بخاری کے افادات سے مرتب فرمایا ہے) یہ سب علم تجوید کی معلومات کا خزانہ ہیں، اللہ تعالی تمام اکابر و شاریحین فن کی جملہ خدمات کو قبول و منظور فرمائے ، آمین۔
احقر نے انہیں مذکورہ مشائخ کی تصنیفات سے بالخصوص انوار الفرقان شرح جمال القرآن سے استفادہ کر کے جمال القرآن کے مضامین کو اپنے عزیز طلبہ کی خدمت میں آسان انداز میں پیش کرنے کیلئے سوال و جواب میں کاپی لکھوائی تھی، جس میں سوالات کے جوابات میں حتی الامکان جمال القرآن ہی کی عبارات نقل کی گئیں ہیں یا پھر انوار الفرقان شرح جمال القرآن کی عبارات نقل کی گئیں ہیں کیونکہ احقر اپنی کم علمی کی وجہ سے اپنے شیخ محترم کے جواب سے بہتر جواب نہیں دے سکتا۔
نیز اس کاپی میں سوال و جواب کا انوکھا انداز اسلئے اختیار کیا گیا ہے کہ اس سے عزیز طلبہ کا ذہن متوجہ رہتا ہے دوسرے یہ کہ اس سے عزیز طلبہ کو مسائل یاد کرنے، سنانے اور امتحان دینے میں آسانی ہوتی ہے۔۔۔۔ مرتب